خرم دستگیرکے دورہ ہنگری میں معاشی تعاون کامعاہدہ متوقع

اسلام آباد:  وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری میں تجارتی نمائش اور بزنس فورم منعقد کرے گا۔

پاکستان مغربی اور وسطی یورپ کے ساتھ مشرقی یورپ کو بھی برآمدات میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان میں متعین ہنگری کے سفیر اسٹوون زابو سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجی، فوڈپروسیسنگ، ڈیری پروسیسنگ، قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پانی کی مینجمنٹ و ترسیل، شہری کوڑے کی مینجمنٹ اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی گنجائش ہے جس سے ہنگری کی کمپنیاں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ ہنگری کے سفیر نے بتایا کہ ہنگری کے ایکسپورٹ امپورٹ (ایگزم) بینک نے کام شروع کردیا ہے جس سے دونوں ممالک کی تجارت میں اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ہنگری کے وزیر معاشی سفارتکاری کے دورہ پاکستان سے ہنگری میں اس تاثر میں اضافہ ہورہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم ملک ہے، ہنگری پاکستان کی تجارت اورسرمایہ کاری کی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.