خاتون رکن اسمبلی کی لیاری گینگ وارملزمان کے ہمراہ گرفتاری نے پیپلزپارٹی کا پول کھول دیا،ایم کیو ایم

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ لاہور سے لیاری گینگ وار کے مطلوب ترین ملزمان کے ہمراہ رکن خاتون سندھ اسمبلی کی گرفتاری نے ثابت کردیا کہ پیپلز پارٹی ہی لیاری میں بدامنی کی ذمہ دارہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی ساجد احمد نے کہا کہ لیاری سے صوبائی اسمبلی کی رکن ثانیہ ناز کے ہمراہ لیاری گینگ وار کے مرکزی ملزمان کی لاہور میں گرفتاری سے ثابت ہو گیا ہے کہ پیپلز پارٹی لیاری کی قتل و غارت گری میں مصروف ہے۔ عبدالواسیم نے کہا کہ ایم کیو ایم ٹارگٹڈ آپریشن کی مخالف نہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ حکومت آپریشن کو ایم کیوایم کے خلاف موڑ رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے ارکان کے جواب میں پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نےکہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم اتحادی حکومت کا حصہ رہی اور اب الزام عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی وفاق کی سیاست کرتی ہے گلی کوچوں کی نہیں۔ ہم اپنے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہر بند کرانے والے نہیں۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور تحقیقاتی اداروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ لیاری کی امن کمیٹی کے بعض لوگ آج ایم کیوایم میں بیٹھے ہیں کراچی میں صرف لیاری مسئلہ نہیں، شہر کے بعض علاقوں میں گزشتہ 25 سالوں سے بھتہ خوری کی جارہی ہے۔ شازیہ مری کے جواب پر ایم کیو ایم کے مزمل قریشی نے کہاکہ ایم کیوایم میں کوئی جرائم پیشہ شخص شامل نہیں اگر ثانیہ ناز کی گرفتاری لاہور کی بجائے کراچی اور سندھ میں ہوتی تو ایم کیو ایم سندھ حکومت کی تعریف ضرور کرتی۔

تبصرے بند ہیں.