حکومت کا شارٹ ٹرم ریوینیو جنریشن میژرز پر غور

کراچی: ٹیکس وصولیاں ہدف سے کم رہنے کے باعث حکومت شارٹ ٹرم ریوینیو جنریشن میژرز پر غور کر رہی ہے، وصولی بڑھانے کے لئے ایف ای ڈی میں اضافہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال نو ماہ میں ایف بی آر نے ایک ہزار چار سو اٹہتر ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں صرف ایک ہزار تین سو چھیالیس ارب روپے ٹیکس جمع کیا ،، جو کہ ہدف سے نو فیصد کم رہا۔ اس طرح رواں مالی سال کے لئے نظرثانی شدہ ٹیکسوں کا ہدف حاصل کرنے کے لئے آخری سہہ ماہی میں ایف بی آر کو ٹیکس وصولیوں میں تیس فیصد اضافہ درکار ہے، جبکہ توقع ہے کہ مالی سال کے اختتام تک ایف بی آر صرف دو ہزار پانچ ارب روپے کے ہی محاصل جمع کرنے میں کامیاب ہوسکے گا۔ اس صورتحال میں ایف بی آر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کوریج بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایف ای ڈی عائد کرنے کے لئے مختلف سیکٹرز کا جائزہ لیا جارہا ہے، ساتھ ہی ایف ای ڈی سے مستثنیٰ سیکٹرز پر بھی ٹیکس کی بحالی کے لئے نئے سرے سے غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب تک حکومت ایف ای ڈی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل پیرا تھی، تاہم حالیہ مہینوں میں ریوینیو شارٹ فال کے باعث حکومتی پالیسیز میں یو ٹرن ممکن ہے۔

تبصرے بند ہیں.