حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کا مزید271پوائنٹس کمی کے ساتھ اختتام

کراچی:  غیرملکیوں کی نہ رکنے والی فروخت، نیب سے متعلق وزیراعظم کے بیان اور سیاسی افق پر غیریقینی کیفیت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی معمولی تیزی کے بعد مندی کے اثرات غالب رہے۔

جس سے انڈیکس کی31200 اور31100 پوائنٹس کی مزید 2حدیں گرگئیں، مندی کے باعث70 فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 58 ارب93 کروڑ46 لاکھ1 ہزار326 روپے ڈوب گئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ خام تیل اور فرٹیلائزر کی بین الاقوامی قیمتوں میں عدم استحکام کے علاوہ بیشترعالمی اسٹاک مارکیٹس میں مندی جیسے عوامل مقامی اسٹاک مارکیٹ پر بھی اثرانداز ہوئے اورحصص کی فروخت پر دباؤ زیادہ رہا جبکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے جمعہ کو بھی3 ملین ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا، ٹریڈنگ کے دوران نیشنل بینک سمیت کچھ کمپنیوں میں خریداری بھی دیکھی گئی ۔

تبصرے بند ہیں.