کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دیکر پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور 29 رنز کا آغاز فراہم کیا، کامران اکمل کو انور علی نے 9 رنز پر بولڈ کیا جس کے بعد محمد نواز نے مسلسل دو گیندوں پر محمد حفیظ کو 15 اور بریڈ ہوج کو بغیر کسی رنز پر آؤٹ کیا جس سے کوئٹہ کی میچ میں واپسی ہوئی۔ شاہد یوسف اور جوہنی برسٹو نے 26 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم دونوں کھلاڑی 15، 15 رنز پر ایلیٹ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان شاہد آفریدی گراؤنڈ میں آئے اور 4 گیندوں پر 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔

ڈیرن سیمی نے 28 گیندوں پر 38 رنز بنا کر پشاور کو میچ میں واپسی لا کھڑا کیا لیکن وہ محمد نواز کی گیند پر میک کولم کو کیچ دے بیٹھے، آخری لمحات میں وہاب ریاض نے 15 گیندوں پر 22 رنز بنائے جس سے پشاور کی جیت بظاہر یقینی دکھائی دے رہی تھی تاہم اعزاز چیمہ نے آخری اوور کی چوتھی اور پانچویں گیند پر مسلسل حسن علی اور وہاب ریاض کو آؤٹ کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ اور محمد نواز نے 3،3 جب کہ اعزاز چیمہ نے 2 اور انور علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے بند ہیں.