حاملہ خواتیں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا

گجرات(بیورو رپورٹ) گورنمنٹ میٹرنیٹی ہسپتال (جی ایم ایچ) اور فتح پور بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) میں مریضوں اور اسٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مقامی انتظامیہ نے ان دونوں کو سیل کردیا جبکہ تمام میڈیکل سروسز معطل کردی گئیں۔پچھلے کچھ دنوں میں ضلع میں موجود 300 حاملہ خواتین کے نمونے جمع کیے گئے، ان میں 28 خواتین میں کورونا کی تصدیق ہوئی، جبکہ قریب 200 خواتین کے ٹیسٹ نتائج جلد سامنے آجائیں گے، گورنمنٹ میٹرنیٹی ہسپتال ان صحت کی سہولیات میں شامل ہے جہاں حاملہ خواتین میں کورونا وائرس کی بڑھتی شرح تشویشناک ہے۔ہسپتال میں میڈیکل سروسز کی معطلی کے بعد محکمہ صحت کی ایک ٹیم نے میٹرنیٹی ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹرز کے نمونے بھی اکٹھے کیے، محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جی ایم ایچ میں ڈس انفیکشن کا عمل کیا گیا اور جلد ہی یہاں میڈیکل سروسز دوبارہ شروع کردی جائیں گی، فتح پور کے قریب ایک چھوٹے شہر میں حکام نے بی ایچ یو میڈیکل آفسر کا ایک نجی کلینک بھی سیل کردیا۔جمعرات کے روز بھمبر روڈ کے کنارے بڑی تعداد میں لگنے والی دکانوں میں تین افراد میں کورونا کیسز کی تصدیق کے بعد اس علاقہ کو بھی سیل کردیا گیا، جبکہ مسلم بازار میں موجود بیکری کے عملے کے دو افراد میں وائرس کی تشخیص کے باوجود اس دکان کو سیل نہیں کیا گیا۔صحت کی ٹیموں نے کھاریاں اور لالا موسیٰ میں جی ٹی روڈ کے ساتھ کچھ بڑی کریانہ کی دکانوں اور ہائی وے ٹرک ہوٹلز کے ملازمین اور گاہکوں کے نمونے بھی حاصل کیے ، دریں اثنا، گجرات میں جمعرات کے روز کورونا وائرس کے 20 نئے کیسز بھی سامنے آئے۔

تبصرے بند ہیں.