جیم اینڈ جیولری کمپنی امور کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانیکی سفارش

کراچی: وفاقی وزارت تجارت کے ماتحت ادارے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پاکستان جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے مالی امور کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروانے کی سفارش کردی ہے۔ وفاقی وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت پیداوار کے ماتحت ادارے جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی جانب سے مارکیٹنگ پلان کیلیے ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ سے 73کروڑ 30لاکھ روپے کی خطیر رقم طلب کی گئی تھی وفاقی وزارت تجارت نے وزارت پیداوار کی یہ درخواست ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ چلانے والی ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ارسال کردی گئی تاہم وفاقی وزارت تجارت کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والے جوابی خط نمبر TDAP-61(1)/MMD (G&J)2012 میں جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو ناکام قرار دیتے ہوئے ای ڈی ایف سے 73کروڑ 30 لاکھ روپے کی خطیر رقم فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے وفاقی وزارت تجارت کو آگاہ کیا ہے کہ جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے بارے میں شکایات کا انبار لگا ہواہے جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی مالی وسائل کے لیے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا وعدہ پورا کرنے میں بھی ناکام رہی ہے جیم اینڈجیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے ٹریننگ پراجیکٹ سینٹر ناکام ثابت ہوئے، کراچی اور لاہور میں ہال مارکنگ سینٹر قائم نہ ہوسکے جبکہ ہال مارکنگ سینٹر کے لیے عمارتوں کا بھاری کرایہ ادا کیا جاتا رہا، جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی مقامی اور بین الاقوامی سطح پر نمائشوں کے انعقاد میں بھی ناکام رہی اور چھ سال کے دوران صرف مقامی سطح پر ایک ہی نمائش منعقد کی گئی۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ان وجوہات کی بنا پر جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کو ناکام قرار دیتے ہوئے فنڈز کی فراہمی سے نہ صرف انکار کردیا ہے بلکہ جیم اینڈ جیولری سیکٹر کی شکایات پر جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے مالی امور کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروانے کی سفارش بھی کی ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فنڈز کی ادائیگی سے انکار کی وجوہات میں جیم اینڈ جیولری سیکٹر کی جانب سے جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے بارے میں دی جانے والی شکایات کو بھی جواز بنایا ہے جن میں آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرزایسوی ایشن، اویس جیولرز گروپ پاکستان، نیو ایورشائن جیم کارپوریشن، گولڈ آرٹ پروموشن کونسل آف پاکستان۔ ادھر پاکستان جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کی کاوشوں سے جیم اینڈ جیولری کی ایکسپورٹ 2007کی 47.5ملین ڈالر کی سطح سے بڑھ کر 2012تک 1.04ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے 6سال کے دوران جیم اینڈجیولری کی مجموعی برآمدات 3.572 ارب ڈالر رہیں جن پر ای ڈی ایف کی مد میں 77کروڑ 50لاکھ روپے کا کنٹری بیشن دیا گیا۔ واضح رہے کہ جیم اینڈ جیولری ڈیولپمنٹ کمپنی کے تحت کراچی اور لاہور میں اسینگ اور ہال مارکنگ سینٹر کیلیے عمارتیں بھاری کرائے پر لینے کے بارے میں قائم کردہ تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے بھی اکتوبر 2011 میں اپنی رپورٹ میں خدشات کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.