جوجٹسو کے کھلاڑی کامیابی کے تین دن بعد بھی حکومتی پذیرائی کے منتظر

ایشین بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو تاحال کسی حکومتی عہدے دار نے شاباش کا پیغام تک نہیں بھیجا

لاہور ) ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کو صرف جوجٹسو میں گولڈ میڈلز ملے لیکن حیران کن طور پر فاتح کھلاڑیوں کو وطن واپسی کے تین روز گزر جانے کے بعد بھی کسی حکومتی عہدیداروں کی جانب سے شاباشی نہیں ملی ۔ حکومت کی اس بے اعتناعی پر کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں ۔ ایشین بیچ گیمز میں پاکستان نے چھے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا لیکن سب سے بہترین کارکردگی جوجٹسو نے دکھائی جہاں پاکستان نے دو گولڈ اور تین سلور میڈلز اپنے نام کئے ۔ لیکن کھلاڑی مایوس ہیں کہ پاکستان پہنچنے پر انہیں خوش آمدید کہا گیا اور نہ ہی وزراء اعلی یا وزیراعظم نے چائے پر بلایا ۔ اولمپکس’ ایشین گیمز’ کامن ویلتھ گیمز حتی کہ ساف گیمز میں میڈل ونر کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ نے انعامی رقم رکھی ہے لیکن ایشین بیچ گیمز کے لئے کوئی گولڈ میڈل بھی لائے تو پی ایس بی پالیسی کے مطابق فاتح کھلاڑی کے لئے کوئی انعامی رقم نہیں ہے ۔ پاکستان میں کھیلوں کا معیار گرنے کی شکایت عام ہے اگر حکومتی عدم توجہی جاری رہی تو کھلاڑیوں کے ساتھ ملک میں کھیل کا مستقبل بھی تاریک ہو جائے گا ۔

تبصرے بند ہیں.