جنوبی افریقہ سے 55ہزار میٹرک ٹن آئرن اوور کراچی پہنچ گیا

کراچی:) پاکستان اسٹیل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق20 مارچ کوایم وی جوسوکو جن ژاؤ نامی بحری جہاز جنوبی افریقہ سے پاکستان اسٹیل کے لئے 55 ہزار میٹرک ٹن خام مال آئرن اوور(فائن) لے کر پاکستان اسٹیل کی جیٹی پورٹ قاسم پرلنگر انداز ہو گیا، خام لوہے کی پاکستان اسٹیل اسٹاک یارڈ میں ترسیل کا کام خود کار کنویئر بیلٹ کے ذریعے شروع کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے منظور شدہ مالیاتی پیکیج 18ارب50 کروڑ روپے کی بدولت پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ، خام مال کی مسلسل درآمد کا انتظام کررہی ہے تاکہ پیداواریت میں روز افزوں اضافہ کے ساتھ مقررہ پیداواری اہداف حاصل کئے جاسکیں،تفصیلات کے مطابق اس وقت پاکستان اسٹیل کے اسٹاک یارڈ میں مذکورہ بحری جہاز کی آمد سے آئرن اوور کا ذخیرہ ایک لاکھ میٹرک ٹن ہوگیا ہے ،جبکہ ایک لاکھ50 ہزار میٹرک ٹن میٹالرجیکل کول کا ذخیرہ بھی موجود ہے جو کہ زیر استعمال ہے ۔ اس کے علاوہ ایک اور بحری جہازمیٹالرجیکل کول (کوئلہ )لے کر اسی ماہ پاکستان اسٹیل کی جیٹی پر لنگر انداز ہوگا،ترجمان پاکستان اسٹیل نے کہا کہ پاکستان اسٹیل میں خام مال کی مسلسل درآمد کی بدولت ادارے کی پیداواریت میں روزبہ روزاضافہ ہورہا ہے جس سے پاکستان اسٹیل مقررہ پیداواری اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.