ثنا خان فلم ’’جے ہو‘‘ میں سلمان خان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی

بالی وڈ اداکارہ ثنا خان سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ فلم ’’جے ہو‘‘ میں جلوہ گر ہوں گی۔ سہیل خان کی ہدایات اور پروڈکشن میں تیار ہونے والی فلم میں اداکارہ تبو، ڈیسی شاہ، ڈینی دینزونگپا، مکھل دیو، سنتوش شکلا، نادرہ بابر،برونا عبداللہ ،امیشا پاٹیل، یشٹونک، سودیش لہری، ناہید، تلپ جوشی، موہت باگھل، محسن خان، منیش بھیل، سشل مینا، وکاس بھلہ بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ سنیل سیٹھی ، جیلنا دیشمکھ، پولکت سمراٹ خصوصی کرداروں میں نظر آئیں گے جب کہ امریتا پوری اورانوراگ گپتا ایک گانے پر اپنی پرفارمنس دکھائیںگے۔ اطلاعات کے مطابق ہدایتکار و فلمساز سہیل خان نے 2012ء میں اس فلم کو مینٹل کے نام سے بنانے کا اعلان کیا تھا مگر چند وجوہات کی بنا پر اس کا نام تبدیل کرکے ’’جے ہو ‘‘ رکھ دیا۔ فلم کی باقاعدہ عکسبندی شروع کردی گئی ہے۔ فلم میں سلمان خان ایک فوجی افسر کا کردار ادا کررہے ہیں اور گزشتہ دنوں ان کی فوجی یونیفارم میں تصویر بھی جاری کی جاچکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق فلم کو آئندہ برس جنوری میں سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ ماڈلنگ سے اپنی اداکاری کا آغاز کرنے والی اداکارہ ثنا خان کا کہنا ہے کہ 2005ء میں میری ریلیز ہونے والی فلم ’’یہی ہے ہائی سوسائٹی‘‘ ایک بجٹ کی فلم تھی جس کی وجہ سے مجھے کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔ اب ایک عرصہ بعد سہیل خان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’جے ہو میں سلمان خان، تبو اور ڈیزی شا جیسے بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کررہی ہوں جو میرے لیے ایک اعزاز ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگز ان دنوں جاری ہے۔ میں ابھی اس فلم میں اپنے کردار کے متعلق کچھ نہیں بتاسکتی کیونکہ یہ ایک راز ہے۔ جب میں شوٹنگز میں باقاعدہ طور پر حصہ لوں گی تو سب کو اس کے متعلق علم ہوجائے گا۔ انٹرویو کے دوران ثنا خان نے کہا کہ آنے والا دور میراہے اور میں اپنی پرفارمنس سے بالی ووڈ میں اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب رہوں گی۔ اداکارہ کاکہنا تھا کہ مجھے رقص میں خاصی مہارت حاصل ہے اور مجھے کئی فلموں میں آئٹم سانگ کی بھی آفرز ہورہی ہیں۔ کچھ فلموں میں اس حوالے سے معاملات پاچکے ہیں مگر مستقبل میں صرف اپنی اداکاری کے بل بوتے پر ساکھ بناکر بالی وڈ میں ایک بڑا مقام بنائوں گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی ہی اصل بنیاد ہوتی ہے۔ اس کی بنا پر ہی کوئی فنکار اچھا کردار نبھانے میں کامیاب رہتا ہے جب کہ بے ربط کہانی کی وجہ سے اچھے سے اچھا فنکار بھی پٹ جاتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ 50کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والی فلم ’’جئے ہو‘‘میرے کیریئر کے لیے ایک اہم موڑ بھی ثابت ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں ثنا کا کہنا تھا کہ 2005ء کے بعد بالی ووڈ سے آئوٹ نہیں ہوئی تھی بلکہ ان دنوں اچھی فلمیں نہ ملنے کی وجہ سے تامل اورتلیگو زبان میں بننے والی فلموں میں اپنی پرفارمنس دکھاتی رہی ہوں جس میں میری اداکاری کو پسند کیا گیا۔ اب بالی ووڈ کی فلم ’’جے ہو‘‘ میں بھی کام کرکے بالی ووڈ میں اپنا الگ مقام بنانا چاہتی ہوں۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ سلمان خان اور تبو میرے ساتھ بہت تعاون کررہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ میری پرفارمنس اس فلم میں سب کو پسند آئے گی۔ واضح رہے کہ21اگست 1987ء کو ممبئی میں پیدا ہونے والی ثنا خان کا تعلق مسلم خاندان سے ہے۔ ان کے والد کیرالہ کے رہائشی جب کہ والدہ سعیدہ کا تعلق ممبئی سے ہی ہے جس پر والدین کی مستقل سکونت ممبئی رہی۔ ثناخان نے ممبئی میں ہی ایف تک تعلیم حاصل کی اور ماڈلنگ کے شعبے میں قدم رکھ دیا جس کی وجہ سے وہ اپنی تعلیم کاسلسلہ مزید جاری نہ رکھ سکی۔ اداکارہ کا ایک انٹرویوکے دوران شوبز میں آنے کے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ اس کے خاندان والوں نے کسی بھی شعبے میں کام کرنے کے لیے کوئی پابندی یا دبائو نہیں ڈالا اور اسی وجہ سے شوبز میں آمد کے ساتھ ہی اچھے لوگوں سے پالا پڑا۔ اپنی پہلی فلم کے متعلق سوال پر ثنا خان کا کہناتھا کہ 2005ء میں پہلی فلم ’’یہی ہے ہائی سوسائٹی ‘‘تھی جو خاص توجہ حاصل نہ کرسکی۔ اس کے بعد 2006ء میں میوزک ویڈیو میں پرفارم کرکے توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ اداکارہ کے مطابق اسے مختلف زبانوں کی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی رہی۔2007ء میں ہندی فلم ’’ ممبئی تاگووا ‘‘میں کام کیا۔ اس کے علاوہ 4مختلف زبانوں کی 16سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ ثنا خان بگ باس میں بھی رہی ہیں جس سے انھیں کافی شہرت ملی۔ ثناخان نے تامل فلم ’’سلمبتام‘‘ میں اپنی بہترین پرفارمنس پر سنگار پور میں ہونے والی تقریب کے دوران بہترین نئی اداکارہ کا ایفاء ایوارڈ حاصل کیا۔2010ء ادکارہ کی تلگو اور تامل فلمیں ’’تھمبیکوآندھا اورو‘‘ ، ’’کلینرام کتھی‘‘،2011ء میں ’’گگنم‘‘، ’’پائینم‘‘، ’’آیرام‘‘ ، ’’ویلکو ‘‘ اور کنڈافلم ’’کول سختاھوٹ ماگا‘‘ سینما گھروں کی زینت بنیں جن میں اس کی اداکاری کو سراہا گیا اور وہ تامل اور تیلگو فلم کی ضرورت بن گئی۔ 2012ء میں بڑے بجٹ کی فلم ’’نوکایا‘‘ میں بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کیا جس میں اس کی اداکاری کو سراہا گیا۔ رواں سال کے دوران اداکارہ کی تامل فلم ’’کلائمیکس‘‘ ریلیز ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.