ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگز کی جوڑی نے آسٹریلین اوپن ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

میلبرن: بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور سوئس کی مارٹینا ہنگز نے اپنی حریف جوڑی کو ہرا کر آسٹریلین اوپن ٹینس ڈبلز کا  ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

میلبرن کے میدان میں ومبلڈن کی فاتح جوڑی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگز نے اپنی حریف چیک ری پبلک کی جوڑی آندریا ہلاوا کوا اور لوسی ریڈیکا کو سخت مقابلے کے بعد 6-7 ، 3-6 سے شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے خواتین کے ڈبلز ٹائٹل کا تاج بھی اپنے سر سجا لیا۔

کامیابی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے  ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ سال اب تک ناقابل فراموش رہا اور وہ چاہتی ہیں کہ یہ سال اسی طرح گزرے جب کہ مارٹینا ہنگز کے ساتھ کھیلنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے دوسری جانب  مارٹینا نے ثانیہ مرزا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا شکریہ اگر ثانیہ آپ یہاں نہ ہوتیں تو وہ اتنی بڑی کامیابی حاصل نہیں کر پاتیں۔

تبصرے بند ہیں.