تحفظات دور؛ گورنر سندھ نے 10 روز بعد دبئی سے واپس آکر ذمہ داریاں سنبھال لیں

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے 10 روز بعد دبئی سے وطن واپس آکر ایک بار پھر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچنے والے گورنر سندھ کے ہمراہ ان کے اہل خانہ بھی تھے، ایئر پورٹ پر انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے کسی بھی قسم کی گفتگو سے اجتناب کیا، ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر سندھ بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد وہ گورنر ہاؤس کی جانب روانہ ہوگئے جہاں وہ امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی سربراہی اور ڈی جی رینجرز سے بریفنگ لیں گے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن پر انہیں کچھ تحفظات تھے جس کا ذکر انہوں نے صوبائی انتظامیہ اور وفاق سے کیا تاہم مبینہ طور پر واضح جواب نہ ملنے پر وہ 13 اور 14 ستمبر کی درمیانی رات اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دبئی چلے گئے تھے جس کے بعد ان کے استعفے کی خبریں آئی تھیں تاہم وفاقی حکومت نے اس کی تردید کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.