لاہور: تحریک انصاف کے صدرجاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں نواز شریف کو لیڈر کہنے کی اپنی بات پہ قائم ہوں لیکن زندگی کے آخری حصے میں تحریک انصاف کے ساتھ ہوں اورہمیشہ رہوں گا۔ انھوں نے جمعرات کو انٹرویو میں کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں نواز شریف کواپنا لیڈر جوش میں نہیں بلکہ ہوش میںکہاتاہم میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان جو سوچ رکھتے ہیں وہ ہی ملک کے مستقبل کو بہتر بنا سکتی ہے،اس لیے میں تحریک انصاف کاحصہ ہوں،اسی میں رہ کر جدوجہد کروں گااوراپنے بچوں سے بھی کہوں گا کہ وہ تحریک انصاف میں رہیں۔جاویدہاشمی کاکہناتھاکہ جماعت اسلامی اورآفتاب شیرپائوکی پارٹی کا خیبر پختونخوا میں ہمارا اور مرکز میں نواز شریف کا ساتھ دینا سوالیہ نشان ہے۔انھوں نے مزیدکہاکہ میں ابھی تک تحریک انصاف کی اندرونی سیاست نہیں سمجھا سکا،فوزیہ قصوری کے تحفظات کو معمولی نہ سمجھا جائے اس پر پارٹی میں ضرور بات ہونی چاہیے۔ جاویدہاشمی نے ایک سوال پرکہاکہ نواز شریف پر جب مشکل وقت آئے گا تو میں اور عمران خان خوش نہیں ہونگے ہم جمہوریت کی مضبوطی چاہتے ہیں تاہم نواز شریف کے قریبی لوگ ہی (ن) لیگ میں ’’ہم خیال ‘‘ گروپ بنا لیں گے۔
تبصرے بند ہیں.