تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو 3 دن کی ڈیڈلائن دیدی
لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مطالبات کی منظوری کے لئے الیکشن کمیشن کو تین دن کا وقت دے دیا، کہتے ہیں کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج کا اعلان کریں گے۔ عمران خان نے شوکت خانم اسپتال سے ویڈیو لنک پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے، عوام جمہوری عمل سے بددل نہ ہوں، خیبرپختونخوا میں حکومت بنائیں گے اور اس صوبے کو ماڈل بنا کر دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن امیدوں پر پورا نہیں اترا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے خدشات کو دور کرے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو مطالبات منظور کرنے کے لئے تین دن کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ مطالبات پورے نہ کئے گئے تو احتجاج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ این اے ایک سو بائیس اور پچیس سمیت پچیس حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات چیک کئے جائیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، دہشت گردی کے مسئلے پر آرمی چیف سے بات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔ عوام نے ہمیں خیبرپختونخوا میں مینڈیٹ دیا ہے ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے اس موقع پر عمران خان نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.