بے نظیر قتل کیس؛ ایف آئی اے کو دو ہفتوں میں چالان پیش کرنے کی ہدایت

راولپنڈی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ایف آئی اے کو دو ہفتوں میں بے نظیر بھٹو قتل کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری اظہر پیش نہیں ہوئے تاہم ایف آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ چند وجوہات کی بنا پر سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف چالان تیار نہیں کیا جاسکا، جس پر عدالت نے پیشی پر موجود اہلکاروں کی سرزنش کی اور انہیں 14 دن میں کیس کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت میں ایف آئی اے کو بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف چالان پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.