بیٹے کے قتل کیس کے دوران ’’دیت‘‘ یا ’’معافی‘‘ کی کوئی بات نہیں کی، والد شاہ زیب

کراچی: مقتول شاہ زیب کے والد ڈی ایس پی اورنگزیب نے کہا ہے کہ کیس کے دوران ’’دیت‘‘ یا ’’معافی‘‘ کی کوئی بات نہیں کی تاہم کیس کے دوران ہم پر شدید دباؤ تھا۔ شاہ زیب قتل کیس کے فیصلے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر میڈيا سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی اورنگزیب نے کہا کہ کیس کے دوران مختلف باتیں ہوتی رہیں اسی لئے ہم نے خاموشی اختیار کرلی تھی۔ انہوں نے کہا کہ چاہے امیر ہویا غریب کسی کی اولاد بھی خراب نہیں ہوتی صرف تربیت خراب ہوتی ہے۔ مقتول شاہ زیب کی والدہ نے کہا کہ شاہ زیب کا کوئی نعم البدل نہیں جو فیصلہ آیا ہے اس میں اللہ کی رضا ہے اور آگے جو بھی ہوگااللہ کی مرضی سے ہوگا، اس موقع پر شاہ زیب کے والدین نے قانون، میڈيا اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی مدد نہ ہوتی تو انصاف نہیں ہوپاتا۔ واضح رہے کہ آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جب کہ عدالت نے چاروں مجرموں پر5،5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.