بھکر: دو مذہبی گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک راہگیر سمیت 6 ا فراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جب کہ ڈی سی او بھکر نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے۔ ایکپریس نیوز کے مطابق بھکر میں دریا خان کے علاقے کوٹلہ جام میں 2 مذہبی گروپوں کے درجنوں افراد کے درمیان جدید اسلحے کی مدد سے ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی زد میں آ کر دونوں گروپوں کے 5 افراد اور ایک راہ گیر غلام مصطفی جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ کی وجہ سے علاقے میں دکانیں اور دیگر کاروباری مراکزی بند ہو گئے ہیں، دونوں گروپوں میں فائرنگ کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ گروپوں کی جانب سے مساجد میں اشتعال انگیر اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔ صورتحال کو کنٹرول کرنے میں پولیس اور انتظامیہ کی ناکامی کے بعد ڈی سی او بھکر نے رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل ایک مذہبی گروپ کے ضلعی سیکریٹری جنرل کے قتل کے بعد سے علاقے میں شدید کشیدگی تھی اور آج پورے علاقے میں ہڑتال کی کال کی بھی دی گئی تھی۔ مذہبی گروپ نے حکومت کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا جس کے ختم ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر پورے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
تبصرے بند ہیں.