بھاگتے چور کی لنگوٹی ہی سہی ، آخری ون ڈے میں انگلینڈ فاتح

لیڈز میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 41 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کی پوری ٹیم 295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 253 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

لیڈز (نیٹ نیوز) اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز میں فتح کا مزہ چکھ ہی لیا ہے۔ بھارت کی جانب سے جاڈیجا نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 87 رنزبنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ ریودو نے تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ شیکھر دھون 31 اور کپتان دھونی 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کوہلی اس میچ میں بھی ناکام رہے اور صرف 13 رنز بنا پائے۔ انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے تین ، سٹیفن فِن ، جیمز اینڈرسن اور معین علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس سے پہلے بھارت نے ٹاس جیت کو فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے دس چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی یادگار اننگز کھیلی جب کہ جوز بٹلر نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے۔ ان کے علاہ کپتان کک 46 اور سٹوکس 33 ناٹ آوٹ بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے دو ، سریش رائنا اور اومیش یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ بھارت نے پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز تین ایک سے جیت لی ہے۔ پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جا سکا تھا۔ تا ہم انگلینڈ نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں تین ایک سے شکست دی ہے۔ انگلینڈ کے جو روٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ –

تبصرے بند ہیں.