بھارت نے ہاکی کوچ مائیکل نوبس کی چھٹی کردی

نئی دہلی: ہاکی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی سے تنگ آ کر بھارت نے کوچ مائیکل نوبس کی چھٹی کردی۔ اس طرح گذشتہ دہائی میں اپنی مدت کی تکمیل سے قبل نکالے گئے کوچز کی تعداد 4 ہوگئی ہے، نوبس سے قبل اسپین کے جوز بارسا، آسٹریلیا ہی کے رک چارلس ورتھ اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے گیرہارڈ نے بلو شرٹس کی کوچنگ کے فرائض نبھائے، انھیں کئی مسائل پر قبل از وقت عہدے سے الگ کر دیا گیا تھا۔ نئی دہلی میں ہاکی انڈیا کے سیکریٹری نریندر بٹرا نے میڈیاکو بتایا کہ نوبس کا معاہدہ ختم کردیا گیااور وہ اس وقت ایک ماہ کے نوٹس پر کام کررہے ہیں، ہم نے یہ محسوس کیا کہ کوچ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے یا مطلوبہ نتائج دینے کے قابل نہیں رہے، انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کو بھی اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ہاکی انڈیا کے اعلیٰ کارکردگی ڈائریکٹر رولینٹ اولٹمنز اگلے کوچ کی تقرری تک عارضی طور پر ذمہ داری سنبھالیں گے، ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے58 سالہ اولٹمنزآئندہ ماہ ملائیشیا میں شیڈول ایشیا کپ میں بھارت کی رہنمائی کریں گے ، نیدرلینڈز میں ہونے والے2014 ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کیلیے ٹیم کا اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ ایشیا کپ میں بھارت کے سابق پلیئر مہاراج کرشن کوشک، اولٹمنزکی مدد کریں گے، بٹرا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آسٹریلین کوچ خود بھی یہ محسوس کر رہے تھے کہ وہ اپنے فرائض صحیح طور پر انجام نہیں دے پا رہے ہیں، اولٹمنز کے ساتھ ایک میٹنگ میں انھوں نے خود ہی استعفیٰ دینے کی پیشکش کر دی تھی، ان کے کوچنگ اسٹائل پر کچھ مسائل تھے، اولٹمنزمحسوس کرتے ہیں کہ چند شعبوں میں خامیاں پائی جاتی ہیں،نوبس ان پر قابو پانے کے قابل نہ ہی مطلوبہ نتائج دے رہے تھے۔

تبصرے بند ہیں.