پاکستان کی 9 ممتاز یونیورسٹیوں کا اوریکل اکیڈمی سے الحاق

کراچی: پاکستان کی 9 ممتاز جامعات اوریکل اکیڈمی سے منسلک ہو گئی ہیں اور اس کے جدید کمپیوٹر سائنس پروگرام کو اپنے نصاب میں شامل کرلیا ہے تاکہ طلبہ کو اوریکل ڈیٹا بیس اور اوریکل فیوژن ویئر کی عملی تعلیم سے مستفید کیا جاسکے۔ نو پاکستانی جامعات کے تقریباً 4500 طلبا و طالبات کی اوریکل کے جدید سوفٹ ویئر ، ٹیکنیکل نصاب اور انڈسٹری کے تسلیم شدہ سرٹیفکیشن ریسورسز تک رسائی ہوگی۔ اوریکل اکیڈمی کے پروگرام طلبہ کی کاروباری اور ٹیکنالوجیکل مہارت میں اضافہ کرینگے تاکہ یہ طلبہ مسابقتی دور میں سبقت حاصل کر سکیں اور 21 صدی کی عالمی افرادی قوت کا حصہ بن سکیں۔ اوریکل اکیڈمی سوفٹ ویئر، نصاب، ٹیکنالوجی، فیکلٹی کی تربیت، سپورٹ اور سرٹیفکیشن ریسورسز تعلیمی مقاصد کیلیے ان جامعات کو فراہم کریگی۔جامعات کی فیکلٹی ان ریسورسز کو کمپیوٹر سائنس اور بزنس پروگرام میں داخل کرسکیں گی تاکہ یہ تعلیمی ادارے اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ طلبہ انڈسٹری میں خدمات فراہم کرنے سے پہلے جدید ومتعلقہ صنعتی مہارت سے لیس ہو کر مختلف شعبوں جیسے انجینئرنگ، ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ، ویب ڈیویلپمنٹ، آئی ٹی کنسلٹنگ، سسٹم انٹیگریشن، ڈیٹا بیس ڈیزائن/ایڈمنسٹریشن، آئی ٹی پراڈکٹ مینجمنٹ، آئی ٹی پراڈکٹ مارکیٹنگ، ٹیکنیکل سپورٹ اور دیگر شعبہ جات میں خدمات انجام دیں سکیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر اوریکل پاکستان اور سیج ویسٹ، احسن جاوید نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ طلبہ انڈسٹری میں خدمات دینے سے پہلے جدید مہارت کے حامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری سے متعلقہ کورسز اور اوریکل اکیڈمی کے کمپیوٹر سائنس ریسورسز کو استعمال کرتے ہوئے یہ طلبہ کاورباری سوفٹ ویئر کا عملی تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.