بھارت میں انتخابات کا تیسرا مرحلہ،آج 14 ریاستوں میں ووٹ کاسٹ کیے جا رہے ہیں

ممبئی)بھارتی تاریخ کے سب سے بڑے اور مہنگے ترین انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج چودہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں ، آج ہونے والے مرحلے میں لوک سبھا کی اکیانوے نشستوں پر امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہو جائے گا۔

آج ہونے والے تیسرے مرحلے میں ریاست ہریانہ ، مہاراشٹر ، اتر پردیش اور اوڑیسہ کی 10،10 نشستوں ،کیرالہ کی تمام 20 ، بہار کی 6 ، جھاڑکھنڈ کی 4 ، مدھیہ پردیش کی 9 جبکہ چھتیس گڑھ ، لکش دیپ ، چندی گڑھ ، انڈمان نکو بار اور جموں کشمیر کی ایک ایک نشست پر پولنگ ہو رہی ہے جبکہ دہلی کی سات نشستوں پر ہونے والی پولنگ سب سے اہم تصور کی جا رہی ہے جہاں سوا کروڑ سے زائد ووٹرز 150 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔چودہ ریاستوں کی کُل 91 سیٹوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریبا 11 کروڑ ہے جبکہ ان نشستوں کے لئے 1418 امیدوار میدان میں ہیں۔بھارتی ووٹرز آج مرکزی وزرا کمل ناتھ ، کپیل سبل ، ششی تھرور کے علاوہ لوک سبھا کی سپیکر میرا کمار ، کانگرس کے ترجمان اور اداکار راج ببر ، اداکارہ جیہ پرادہ ، نغمہ ، سابق آرمی چیف وی کے سنگھ کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔چندی گڑھ کی واحد نشست پر بی جے پی کی اداکارہ کرن کھیر ، عام آدمی پارٹی کی امیدوار سابق ملکہ حسن گل پناگ سمیت سترہ امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ بھی آج ہو جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.