بھارتی ہدایتکارمیرا نائرکا فلسطینیوں پرمظالم کیخلاف اسرائیلی فلم فیسٹیول میں شرکت سے انکار

ممبئی: مشہور بھارتی فلم ہدایت کار میرا نائر نے اسرائیل کی فلسطین کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے حائفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ میرا نائر نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیل کے دورے کا بائیکاٹ کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسرائیل اسی صورت میں جانا پسند کریں گی جب وہ فلسطین سے اپنا ناجائز قبضہ ختم کرے گا اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں کے حقوق سلب کرنا چھوڑ دے گا۔ میرا نائر کو ستمبر میں ہونے والے 29ویں حائفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں حال ہی میں ان کی نئی فلم ”دی ریلکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ“ کے حوالے سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے کی دعوت دی گئی تھی، میرا نائر کی اس فلم کی کہانی پاکستانی ناول نگار محسن حامد کے ناول سے ماخوذ تھی جس میں امریکا میں رہائش پزیر پاکستانی لڑکے کی زندگی میں نائن الیون کے بعد رونما ہونے والے اثرات کو دکھایا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.