بھارتی میڈیا نے کر س گیل کو بھی اسپاٹ فکسنگ میں گھسیٹ لیا
ممبئی: ملک کی بدنامی ہضم نہیں ہورہی ،بھارتی میڈیا آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی جڑیں بھارت سے باہر پھیلانے کیلئے کوشاں، توپوں کا رخ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کی جانب موڑ دیا۔آئی پی ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں بھارتی کرکٹرزاوربورڈ کی بدنامی بھارتی میڈیا سے ہضم نہیں ہوپارہی ہے اور وہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی جڑیں بھارت سے باہر پھیلانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہا ہے۔ اسکینڈل کے ابتداء میں کرکٹرز کی گرفتاری کے بعد بھارتی میڈیا نے آسٹریلین کھلاڑی شان ٹیٹ کو اسپاٹ فکسنگ میں پھنسانے کی کوشش کی جس کے بعد وہ ایونٹ چھوڑ کرآسٹریلیا روانہ ہوگئے۔ جب شان ٹیٹ سے دال نہ گلی تو پھر پاکستانی امپائراسد رؤف پر الزامات کی بوچھاڑ کردی اور چیمپیئنز ٹرافی پینل سے باہر نکلوا کر ہی دم لیا۔ بھارتی میڈیا نے اب اپنی توپوں کا رخ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کی طرف کردیا ہے۔ میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ کرس گیل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ ویسٹ انڈین بلے باز کو گرفتار میچ فکسر سری سانتھ کے ساتھ جے پور کے شوروم میں دیکھا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کرس گیل نے بکیزسے مبینہ طورپرتحائف حاصل کیے اورموتی سن جیولرز سے پینتالیس لاکھ کے زیورات خریدے جس کا بل جیجوجناردھن نے ادا کیا حیرت انگیز طور پر دکان کے مالک پوون اور سنجے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد سے منظر عام سے غائب ہیں۔ دوسری جانب آئی پی ایل اسکینڈل کے بعد سے کھلاڑیوں کے تحفظ کی علمبردار نام نہاد تنظیم (فیکا) کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.