بھارتی جارحیت سے خطے میں ایک اور جنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے خطے میں ایک اور جنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے آزاد کشمیر کے 12 سیکٹرز متاثر ہوئے ہیں، بھارتی فوج نکیال، لاجونت ، راولاکوٹ، فارورڈ کہوٹہ، عباس پور اور سیالکوٹ سیکٹر میں کئی روز سے فائرنگ اور گولہ باری کررہی ہے جس کے باعث معصوم جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے اورلوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اگر حالات اسی طرح برقرار رہے تو دونوں ممالک کے درمیان ایک اور جنگ بھی ہوسکتی ہے جو کسی کے لئے بھی مفید نہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری بند کروا کر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کرائے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے ہی کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت جاری ہے اور اب تک پاکستانی اہلکاروں سمیت کئی افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.