بڑے اسٹارز سے بہت کچھ سیکھا ہے، شائقین کو اپنے کام سے متاثر کرونگی، پلوی شاردا

بھارتی اداکارہ پلوی شاردا کی نئی فلم ’’بے شرم‘‘ کو 2اکتوبر کو سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ 60 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی ہدایت کار ابھینو کیشپ کی اس فلم کا میوزک للیت پنڈت نے تیار کیا ہے، فلم میں مرکزی کردار رنبیراور پلوی شاردا نبھارہے ہیں ۔ان کے ساتھ رشی کپور، نیتو سنگھ اور جاوید جعفری بھی اہم کرداروں میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ فلم کا پہلا آئٹم سانگ ’’لوکی گھنٹی بج گئی میری‘‘جسے جیت شیٹھی اور امیتوش ناگ پال کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ کوریوگرافر پپومالوہیںکو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ریلیز کیا گیا۔ اس آئٹم سانگ میں پلوی شاردا اور رنبیر کپور کو رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔ آئٹم سانگ کی وڈیو کو شائقین کی کثیر تعداد نے متعدد بار آن لائن دیکھا اور پسند کیا۔ فلم کی فرسٹ لک جاری ہونے کے ساتھ ہی اس کی تشہیر کے لیے تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں۔ قبل ازیں اس فلم کو 10دسمبر 2012کے دوران ریلیز کرنے کا پلان بنایا گیا تھا جسے تبدیل کردیا گیا ۔اب اس کی ریلیز رواں سال 2اکتوبر میں طے پائی ہے۔ بھارتی فلمی پنڈتوں کے مطابق پلوی شاردا کا کام معیاری ہے اور ان کی ترقی کے راستے بھی کھل رہے ہیں۔ فلم ’’لو بریک اپس زندگی ‘‘ کے بعد رنبیر کے ساتھ مرکزی کردار ملنا بھی اس کے لیے بڑا بریک تھرو ہے۔ اداکارہ مسلسل کامیابی کے زینے طے کر رہی ہیں ان کی پرفارمنس کا جادو بالی وڈ میں سرچڑھ کر بولنے والا ہے ۔انھوں نے کہا کہ بالی وڈ اسٹارز کے مدمقابل اہم کردار ملنے پر ان کی قسمت کا ستارہ جگمگا اٹھا ہے۔ آسٹریلوی نژاد بھارتی اداکارہ پلوی شاردا نے کہا ہے کہ ابھینو کیشپ کی اس فلم میں اپنے کام سے شائقین کو متاثر کروں گی اور ان کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہوں گی۔ انھوںنے کہاکہ اب تک بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کر کے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ’’بے شرم‘‘ میں پہلی بار مرکزی کردار نبھانے کا موقع ملا اس کی کہانی دلچسپ اور میرا اس میں کردار بھی منفرد ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ میں اس نئی فلم میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں اور شائقین کو نیا انداز ملے گا۔ اپنی انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے عمدہ پرفارمنس سے فلم بینوں کے دل جیتنے کی کوشش کروں گی۔

تبصرے بند ہیں.