بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا مارچ4.7 فیصد کا اضافہ

 کراچی: آٹو، غیرمعدنی دھاتی مصنوعات، فرٹیلائزر، فوڈ اورفارما سیکٹر کی اچھی کارکردگی کے باعث جولائی تامارچ 2016 کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 4.70 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ مارچ میں ایل ایس ایم گروتھ سال بہ سال 6.75 فیصد رہی جس میں خوراک و مشروبات کے شعبے کا حصہ سب سے زیادہ رہا جبکہ کھاد کے شعبے کی کارکردگی بھی بہتر رہی تاہم خلاف توقع ٹیکسٹائل اور آٹوسیکٹرسکڑ گیا، مارچ میں فروری کے مقابل بڑی صنعتوں کی پیداوار 6.34 فیصد بڑھی۔

پاکستان بیوروشماریات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9ماہ کے دوران آٹوموبائلز کی پیداوار میں 23.43 فیصد کا اضافہ ہوا، آٹو سیکٹر نے اس دوران41.68  فیصد کے اضافے سے 3ہزار940 ٹرک، 81.95  فیصد کے اضافے سے 746 بسیں،29.73  فیصد کے اضافے سے 1لاکھ 37 ہزار688 کاریں اور جیپیں، 68.53 فیصد کے اضافے سے 29ہزار 529لائٹ کمرشل وہیکلز اور17.22  فیصد کے اضافے سے 15لاکھ 13ہزار 571 موٹر سائیکلیں تیار کیں، ان 9ماہ میں نائیٹریٹ اور فاسفیٹ کھاد کی پیداوار بالترتیب16.31اور 12.95 فیصد بڑھی جبکہ مجموعی طور پر کھاد سیکٹر کی پیداوار میں 15.92 فیصد اور خوراک و مشروبات کی پیداوار میں 3.66فیصد کا اضافہ ہوا۔

تبصرے بند ہیں.