نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ میں سری نواسن کے خلاف بغاوت سراٹھانے لگی، بعض ممبران نے ان سے مستعفی تک ہونے کا مطالبہ کردیا۔ بی سی سی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد ممبران چاہتے ہیں کہ داماد گروناتھ میاپن کی فکسنگ اسکینڈل میں گرفتاری کے بعد سری نواسن کو اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، بعض نے تو باقاعدہ ان سے بات بھی کی ہے لیکن گذشتہ روز انھوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بورڈ اس معاملے پر متحد اور کسی نے بھی ان سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا۔ذرائع کا کہناہے کہ صدر کو عہدے سے ہٹانے کیلیے تین چوتھائی اکثریت کی ضرورت ہے، اگر 7 سے 8 ممبران بھی نواسن کے ساتھ ہوئے تو انھیں معزول نہیں کیا جاسکے گا۔ دریں اثنا بھارتی حکومت نے کرکٹ معاملات میں مداخلت کا امکان رد کردیا۔ وزیر قانون کپیل سبال کا کہنا ہے کہ کھیلوں کو چلانا حکومت کا کام نہیں اور جس حد تک ممکن ہو اس سے دور ہی رہنا چاہیے۔ اسپورٹس باڈیز اپنے معاملات خود ہی نمٹائیں، البتہ جب صورتحال کنٹرول سے باہر ہوجائے تو پھر حکومت کو حرکت میں آنا پڑے گا، مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اس سے صرف کھیلوں کو نقصان ہی پہنچتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.