فکسنگ تنازع: سری نواسن کے جھوٹ کا پول کھل گیا

چنئی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن کا داماد گروناتھ میاپن کے بارے میں جھوٹ کا پول کھل گیا۔ آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا کی جانب سے بھیجی گئی ای میل اور وزیٹنگ کارڈ سے میاپن کے چنئی سپر کنگز کا مالک ہونے کی تصدیق ہوگئی، دوسری جانب پولیس نے میاپن کا ایک موبائل انہی کی کشتی سے برآمد کرلیا، دریں اثنا وندو دارا سنگھ کی جانب سے ممبئی انڈینز کے ایک سینئر کھلاڑی کو پھنسانے کی کوشش کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے جب گروناتھ میاپن کا نام فکسنگ اسکینڈل میں سامنے آیا تو بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن اور ان کی زیرملکیت انڈیا سیمنٹس دونوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ چنئی سپر کنگز کے مالک نہ ہی چیف بلکہ ٹیم مینجمنٹ کے اعزازی ممبر ہیں۔ سری نواسن نے یہ بھی کہا تھا کہ نوجوان اور کرکٹ کے شوقین ہونے کی وجہ سے میاپن ٹیم کے ہمراہ سفر کرتے ہیں، مگر اب آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا کی جانب سے ٹیم مالکان کو بھیجی گئی ای میل سے تصدیق ہوگئی کہ میاپن ہی دراصل ٹیم مالک ہیں،اسی طرح پولیس نے ان کی رہائش گاہ سے چھاپے کے دوران جو وزیٹنگ کارڈز برآمد کیے ان پر بھی انھوں نے خود کو چنئی سپر کنگز کا مالک اور چیف ظاہر کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.