بن قاسم پاور پلانٹ میں فنی خرابی، کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پانی کی سپلائی بھی مکمل طور پر بند

شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والے مرکزی بن قاسم پاور پلاٹ ٹرپ کر جانے کے باعث شہر کا نصف سے زائد حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ بجلی کب آئے گی؟ کے الیکٹرک حکام اس سوال کا جواب دینے سے قاصر ہیں۔ شہر میں پانی کی سپلائی بھی مکمل طور پر بند، دھابے جی کے قریب 72 انچ قطر کی لائن بھی پھٹ گئی۔

کراچی: ( شہر قائد کے باسی رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں ہونے والے بجلی کے بدترین بحران کے صدمے سے نکل نہیں پائے تھے کہ انہیں ایک نئے بحران کا سامنا ہے۔ بن قاسم پاور پلانٹس ٹرپ کر جانے کے باعث رات ساڑھے آٹھ بجے شہر کا نصف سے زائد علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ ذرائع کے مطابق بریک ڈائون کے نتیجے میں 30 سے زائد گرڈ سٹیشن سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ بریک ڈائون کے باعث شہر کو پانی فراہم کرنے والے تمام پمپنگ سٹیشن بھی بند ہو گئے ہیں اور شہر کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی ہے جبکہ دھابے جی کے قریب 72 انچ کی مین لائن بھی پھٹ گئی ہے۔ بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر میں دوہرا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں اورنگی، بلدیہ، سائٹ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، سرجانی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ائر پورٹ، لانڈھی، کورنگی، ملیر، اولڈ سٹی ایریا، کیماڑی لیاری اور دیگر شامل ہیں۔ کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ انجینئرز معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ فوری طور پر بجلی کی بحالی کے حوالے سے کوئی وقت نہیں دے سکتے۔

 

تبصرے بند ہیں.