بن قاسم ، جامشورو تھرمل پلانٹس میں خرابی ، سندھ کے 17 اضلاع میں بریک ڈائون

صوبے کے متعدد علاقے تاحال پانی کی قلت کا شکار ، روزہ داروں کو سحری کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

کراچی () روشنیوں کے شہر کراچی میں دس گھنٹے بعد بجلی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ، بیشتر علاقے بارہ گھنٹے بعد بھی بجلی سے محروم ہیں ، شہریوں نے رات کرب میں گزاری ، روزہ داروں کو سحری کے وقت بھی مشکلات کا سامنا رہا ، بجلی نہ ہونے سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ، شہر قائد میں 10 گھنٹے بعد بجلی بحالی کا عمل شروع ہوگیا تاہم بیشتر علاقوں کی بجلی 12 گھنٹے بعد بھی بحال نہ ہوسکی ۔ گزشتہ رات شہری تراویح کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ تقریباً 9 بجے شہر کے 70 فیصد علاقوں کی بجلی اچانک چلی گئی جس کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ سمیت متعدد ہسپتال بھی بجلی سے محروم ہو گئے ۔ بجلی کی اچانک معطلی سے شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹوں میں بھی شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ شہر قائد کے مکینوں نے رات کرب میں گزاری ۔ روزہ داروں کو سحری میں مشکلات کا سامنا رہا ۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی کا عمل جاری ہے ، پی ای سی ایچ ایس ، فیڈرل بی ایریا ، گلشن اقبال اور بفر زون کے مختلف علاقوں کی بجلی  بحال کر دی گئی ہے جبکہ گلستان جوہر ، لانڈھی کورنگی ، ملیر.سرسید ٹاؤن ، سائٹ ٹاؤن ، گارڈن اور گلشن اقبال بلاک 10،3 اور 13، سی وی، ڈیفنس، کلفٹن ، نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں ، جیل روڈ کشمیر روڈ کے اطراف بجلی معطل ہے ۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث رہائشی علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ۔ دوسری جانب بجلی کی اچانک معطلی کے باعث دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے شہر کو ایک کروڑ گیلن سے زائد پانی کم فراہم ہوا جس سے لانڈھی ، کورنگی ، قیوم آباد ، اختر کالونی اور ڈیفنس کےعلاقے متاثر ہوئے ہیں ۔ ادھر حیسکو ترجمان کے مطابق جام شورو کے 14 اضلاع میں بجلی بحال کردی گئی ہے تاہم نواب شاہ میں تاحال بجلی بحال نہ کی جاسکی ۔ میرپور خاص میں رات 10 بجے سے بجلی بند ہے ۔ ہالہ اور مٹیاری میں تاحال بجلی بحال نہ ہو سکی جس کے باعث روزہ داروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.