بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت نیویارک میں منموہن سنگھ کے حوالے کردیئے، سیکریٹری خارجہ

اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق نیویارک میں من موہن سنگھ کو آگاہ کردیا تھا اور اس حوالے سے ثبوت متعلقہ فورم کے سامنے پیش کردیئے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جتنی بھارت کے لئے تشویشناک ہے اتنی ہمارے لئے بھی ہے، ایک دوسرے پر الزام تراشی سے مسئلے کا حل نہیں نکلے گا، دہشت گردی کے خاتمے کےلئے مل کر اور سنجیدگی سے کام کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے دورہ امریکا کے دوران بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے معاملے پر من موہن سنگھ سے بات کی تھی اور بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے ثبوت جن کے ساتھ شیئر کرنا تھے کردیئے جب کہ وہ تمام ثبوت سینیٹ میں بھی پیش کئے جاچکے ہیں، سیکریٹری خارجہ نے کہاکہ بھارت کےساتھ مذاکرات کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ ڈرون حملوں سے متعلق بات کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں۔ اقوام متحدہ کو بھی ڈرون حملوں کے مسئلے کا احساس ہواہے، اب یہ مسئلہ امریکی صدربراک اوباما کے ساتھ اٹھایاجائے گا، جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی خواہش ہے، ملا عبدالغنی برادرکو رہائی کے بعد کسی ملک کے حوالے نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کا حامی ہےاورافغانستان میں امن کے قیام کےلئے تعاون کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.