برلن میں الیکٹرانک مصنوعات کی سب سے بڑی سالانہ عالمی نمائش شروع

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں الیکٹرانک مصنوعات کی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ، آئی ایف اے کا افتتاح ہوگیا ہے ، جو کہ دس ستمبر تک جاری رہے گی۔

برلن (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق نئے سمارٹ فونز کے ماڈل ، کچن میں استعمال ہونے والے الیکٹرانک آلات سے لے کر تفریحی اور ٹیلی مواصلاتی دنیا میں ہونے والی نئی ایجادات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں قریب سے دیکھنے اور ان کے استعمال کے طریقے جاننے کے لئے برلن میں دنیا کی سب سے بڑی الیکٹرانک مصنوعات کی نمائش شروع ہو گئی ہے۔ اس میں ایسے سمارٹ فون بھی پیش کئے گئے ہیں جو حفاظتی امور میں بھی ممد ثابت ہوں گے۔ نمائش کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پورا گھر ہر طرح کے الارم خود کار ایئر کنڈشنر ، ہیٹر اور کھڑکیوں کے بلائنڈز سے لیس ہوا کریں گے۔ گزشتہ دہائی کے دوران الیکٹرانک کی دنیا میں اتنا تیز رفتار انقلاب آیا ہے کہ جس کا اندازہ لگانا بھی مشکل نظر آتا ہے۔ روز مرہ زندگی میں سمارٹ فون ، ٹیبلٹ اور ایپس کا عمل دخل غیر معمولی ہے۔ گوگل چشمے کو دیکھ کر ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ آئندہ دس سے پندرہ سال کے دوران مزید کتنی تیز رفتاری سے ترقی ہوگی۔ پیش کی گئی شاید ہی کوئی شے ہے ، جو آن لائن دستیاب نہیں ہے۔ الیکٹرو ٹیکنیک شعبوں کی اب تمام تر توجہ ایسے آلات پر مرکوز ہے جو ہر وقت انسانی جسم سے لگی رہیں۔ اس بار سام سنگ کمپنی نے اپنی تازہ ترین کمپیوٹر گھڑی نمائش کے لیے رکھی ہے جس سے ٹیلی فون بھی کیا جا سکتا ہے۔ آنے والے ہفتے میں اس کے مقابلے میں ایپل بھی اسی نوعیت کی ایک گھڑی مارکیٹ میں لانے والا ہے۔ دیگر کمپیوٹر صنعتیں ایک سے بڑھ کر ایک ایجاد لے اس نمائش میں شریک ہیں۔ کمپیوٹرائزڈ ریسٹ واچ ، قدم گننے والا آلہ ، نبض کی پیمائش والا آلہ اور نیند کی نگرانی کا آلہ یہ سب کچھ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.