برطانوی ایئر لائن کے ناروا رویئے پر سچن ٹنڈولکر ناراض

نئی دلی: کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کواس وقت انتہائی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب برطانوی ایئر لائن نے پہلے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کیا اور پھر ان کا پورا نام پوچھنے لگے اور سونے پر سہاگہ ان کے سامان پر غلط جگہ کا ٹیگ لگا دیا جس نے اس کرکٹر کو تو ناراض کیا ہی لیکن ان کے اس واقعہ کے ٹویٹ کرنے پر ان کے مداحوں نے بھی ایئرلائن کو آڑے ہاتھوں لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق برٹش ایئرویز کے سفر پر جانے کے لیے جب سچن ٹنڈولکر نے ایئر پورٹ پر ٹکٹ مانگے تو وہاں موجود انتظامیہ نے ان سے پورا نام بتانے کا مطالبہ کردیا جس پر سچن سخت ناراض، مایوس اور حیران ہوئے اور اس کا اظہار انہوں نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے بھی کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر لائن نے سیٹوں کی دستیابی کے باجود ان کا نام ویٹنگ لسٹ میں رکھ دیا جب کہ ان کے سامان پر بھی غلط منزل کا ٹیگ لگادیا جس کے باعث وہ اور ان کی فیملی کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ سب سے افسوس ناک بات یہ تھی کہ بجائے ٹکٹ دینے کے ایئر لائن کی انتظامیہ ان سے پورا نام پوچھنے لگی۔

ٹنڈولکر کے ٹویٹ نے ان مداحوں کے لیے جلتی پر تیل کا کام کیا جس پر ان کے مداحوں نے برٹش ایئر ویز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ایئرلائن سے سچن سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔

تبصرے بند ہیں.