جونیئر ہاکی ایشیا کپ ؛ پاکستان کو آج بنگلہ دیش کا چیلنج درپیش

لاہور:  جونیئر ہاکی ایشیاکپ کا آغاز ہفتے کو ملائیشیا میں ہوگا، پاکستان کو افتتاحی مقابلے میں بنگلہ دیش کا چیلنج درپیش ہے۔

ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ3اہم کھلاڑیوں کی انجریز کے سبب ٹیم پریکٹس میچزمیں عمدہ پرفارم نہ کر سکی، اب سب فٹ اور حریف کو زیر کرتے ہوئے فاتحانہ آغاز کے لیے پُرعزم ہیں، دوسرے میچ میں بھارتی ٹیم جاپان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، بلو شرٹس کوچ ہریندرا سنگھ نے کہاکہ ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر اور پورے ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی طرف سے بھر پور سپورٹ ملنے کی امید ہے۔

تفصیلات کے مطابق جونیئر ایشیاکپ ہفتے سے ملائیشیا کے شہر کوآنٹن میں شروع ہوگا، 14سے22 نومبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں شریک 8 ٹیموں کو2 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے،اے میں بھارت، ملائیشیا، جاپان اور چین جبکہ بی میں کوریا، پاکستان، اومان اور بنگلہ دیش شامل ہیں،افتتاحی روز 4 میچز کھیلے جائیں گے، گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف میچ سے کریں گے،کوریا کا مقابلہ اومان سے ہوگا، گروپ بی میں ملائیشیااور چین کا ٹاکرا شیڈول ہے جبکہ آخری میچ میں بھارت اورجاپان کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

پہلے مرحلے میں کسی بھی ٹیم کی جیت یا ہار ایونٹ کے نتائج پر اثر انداز نہیں ہوگی تاہم سیمی فائنل تک رسائی کیلیے ٹیموں کا کوارٹر فائنلز جیتنا ضروری ہے۔ جونیئر ایشیا کپ آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ کا حصہ بھی ہے، ایشیا کپ میں گرین شرٹس کا ٹاپ فور ٹیموں میں شامل ہونا ضروری ہے، دوسری صورت میں ٹیم جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم رہ سکتی ہے۔کوچ طاہر زمان نے کہاکہ ٹیم ایشیا کپ میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.