باولنگ ایکشن : آئی سی سی نے کارروائی کے لیے غلط وقت چنا : وقا

پاک کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ آئی سی سی ، اس کے امپائرز اور ریفریز کو آنکھیں کھول کر دنیا کے تمام باولرز پر نظر ڈالنی چاہیے صرف چند ٹیموں اورباولرز کے خلاف ایکشن نہ لیں۔

لاہور (نیٹ نیوز) برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے باولر سعید اجمل کے بعد محمد حفیظ کا باولنگ ایکشن بھی مشکوک قرار دیے جانے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی فکر میں اضافہ کردیا ہے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس اس صورتِ حال سے قطعاً خوش نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اگر مشکوک باولنگ ایکشن کے حامل باولرز کے خلاف کارروائی کر رہی ہے تو پھر اسے پوری طرح آنکھیں کھول کر ایسا کرنا چاہیے۔ کسی بھی باولر کا نام لیے بغیر کہا کہ اس وقت بھی کئی ایسے باولرز ہیں جن کے باولنگ ایکشن درست معلوم نہیں ہوتے اس کے باوجود وہ کھیل رہے ہیں۔ اگر آئی سی سی کو مشکوک باولنگ ایکشن کے بارے میں نیا پروٹوکول لانا ہی تھا تو یہ ورلڈ کپ کے بعد ہونا چاہیے تھا کیونکہ دنیا کی ہر ٹیم اپنے کھلاڑیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے عالمی کپ کی تیاری کرتی آئی ہے۔ ہر ٹیم ان تیاریوں میں اپنے کچھ باولرز اور بلے بازوں کو اہمیت دیتی ہے اور ایسے میں آئی سی سی کی جانب سے اچانک مشکوک باولنگ ایکشن کے بارے میں سخت موقف نے ان تیاریوں کو زبردست متاثر کیا ہے۔ اس صورتِ حال سے کچھ ٹیمیں متاثر ہوچکی اور کچھ یقیناً ہونے والی ہیں یہ پالیسی سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ وقار یونس نے کہا کہ آئی سی سی نے مشکوک باولنگ ایکشن کے حامل باولرز کے خلاف کارروائی کے لیے غلط وقت کا انتخاب کیا ہے۔ وقاریونس نے چیمپئنز لیگ میں محمد حفیظ کا باولنگ ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے بارے میں کہا کہ وہ پاکستان کے نقطہ نظر سے ایک اہم باولر ہیں اور ان کے باولنگ ایکشن کو رپورٹ کر کے انھیں غیر ضروری طور پر دباو میں ڈال دیا گیا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.