آسٹریلوی ٹیم امارات پہنچ گئی ، عالمی کپ کے تناظر میں سیریز اہم قرار –

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف عالمی کپ سے قبل ایک اہم سیریز کھیلنے دبئی پہنچ گئی ہے۔ اس دورے میں ایک ٹی ٹونٹی تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

دبئی (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ پانچ اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل سات ، دس اوربارہ اکتوبر کو بالترتیب شارجہ ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی میں ہوگا جبکہ ابوظہبی 30 اکتوبر سے تین نومبر تک ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔ سیریز کے حوالے سے آسٹریلوی ٹیم کے آل راونڈر جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور اس کے خلاف سیریز انتہائی سخت ہوگی کیونکہ پاکستانی کرکٹروں کو متحدہ عرب امارات کے موسم اور وکٹوں کا بخوبی اندازہ ہے۔ جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ کسی ملک کے خلاف کھیلتے ہیں تو چاہے وہ ایک میچ کی سیریز ہو یا تین یا پانچ کی وہ چیلنج سے کم نہیں ہوتی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ اکتوبر کو ہونے والے واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے آسٹریلیا نے ایرون فنچ کی شکل میں نیا کپتان مقرر کیا ہے کیونکہ جارج بیلی نے آئندہ ٹی ٹوئنٹی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے تاہم پاکستانی ٹیم کو پوری سیریز ورلڈ کلاس آف سپنر سعید اجمل کے بغیر کھیلنی ہے جنھیں ان دنوں مشکوک باولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی کا سامنا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.