ایف بی آر، یکم جولائی سے سیلز ٹیکس کی عبوری رجسٹریشن جاری کرنےکا فیصلہ

کراچی:وفاقی وزیر خزانہ کی ہدایت پر ایف بی آر نے یکم جولائی سے سیلز ٹیکس کی عبوری رجسٹریشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ رجسٹریشن7 روز میں کسی بھی کاروباری فرد یا کمپنی کی عام درخواست پر جاری کی جائے گی تاہم رجسٹریشن کے لئے قواعد کی تکمیل اور کاغذات وغیرہ کی جانچ پڑتال کے لئے3 سے6 ماہ کا عرصہ دیئے جانے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق کاروباری برادری کی جانب سے وزیر خزانہ کو بے شمار شکایات موصول ہوئی تھیں کہ کاروبار یا صنعت کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ سیلز ٹیکس رجسٹریشن ہے، ایف بی آر کے اہلکار ایک جانب تو جعل سازی اور فراڈ کرنے والوں کو چند روز میں رجسٹریشن جاری کر دیتے ہیں مگر حقیقی صنعت کاروں یا کاروباری افراد کو 6 ماہ سے ایک سال تک انتظار کرانا معمول کی بات ہے۔ کراچی میں سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کے لئے2 سے10لاکھ روپے کی رشوت کا ریٹ طے ہے، رشوت کی بنیاد پر ایف بی آر اہلکار رجسٹریشن کرانے والے کا یونٹ بھی چیک کرنے نہیں جاتے یہی وجہ ہے کہ120 اور 200 گز کے مکانات میں بڑے بڑے مینوفیکچررز رجسٹرڈ کر لئے گئے، جس کی وجہ سے جعلی رجسٹریشن کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کے واقعات بھی سامنے آئے۔ وزیر خزانہ نے کاروباری برادری کے نمائندہ افراد کے سامنے اس کرپشن اور جعل سازی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال سے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا طریقہ کار یکسر تبدیل کیا جا رہا ہے، یکم جولائی سے ایک جانب تو عبوری رجسٹریشن کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے دوسری جانب رجسٹریشن کے قواعد اور تصدیق کا طریقہ کار بھی تبدیل کر دیا جائے گا جس سے نہ صرف کرپشن کا خاتمہ ہو گا بلکہ کاروبار کرنے یا سرمایہ کاری کے لئے آگے آنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے ری فنڈ کے نظام میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.