ایشوریہ کے بعد شلپا شیٹھی بھی فلموں میں واپسی کے لیے بے تاب

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ایشوریہ بچن کی فلم نگری میں طویل عرصے بعد واپسی کو دیکھتے ہوئے اداکارہ شلپا شیٹھی نے بھی 6 سال بعد بڑی اسکرین پر آنے کی ٹھان لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ انڈسٹری میں بھرپور اداکاری کی بدولت نام کمانے والی اداکارہ شلپا شیٹھی طویل عرصے بعد ایک مرتبہ پھر فلم نگری میں قدم جمانے کے لئے پر تول رہی ہیں۔ ان دنوں اپنی کتاب “دی گریٹ انڈین ڈائٹ” کی تقریب رونمائی کے موقع پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری سے کبھی دور نہیں رہ سکتیں اور وہ کبھی اسکرین سے دور نہیں رہیں، اگرچہ کچھ عرصے کے لئے وہ فلموں سے دورتھیں لیکن ٹی وی پرپرفارمنس کے علاوہ اشتہارات میں اسکرین پر جلوہ گررہی ہیں اس لئے ایک مرتبہ پھر وہ بڑے پردے پردکھائی دیں گی۔

اداکارہ نے کہا کہ انہیں 5 فلموں کے اسکرپٹس ملے ہیں جن میں سے 3 میں دلچسپی نہیں رکھتیں تاہم باقی 2 اسکرپٹس پسند ہیں اورامید ہے کہ وہ جلد بالی ووڈ نگری میں نئے انداز میں واپسی کریں گی۔ شلپا سیٹھی نے اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ انہیں فلم میں ایسا کردار ملے گا جو بہترہو کیوں کہ وہ فلم کے لئے اپنا گھراوربیٹے کو چھوڑ کرجائیں گی اس لئے فلم میں کام کرنا قابل قدرہونا چاہیئے ۔

واضح ر ہے کہ شلپا شیٹھی آخری مرتبہ 2009 میں فلم “اپنے” میں دکھائی دی تھیں اور 6 سالہ طویل آرام کے بعد ایک مرتبہ پھر وہ بڑی اسکرین پر آنے کے لئے کوششیں کررہی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.