اکبر بگٹی قتل کیس؛ عدالت کا پرویز مشرف کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم

کوئٹہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد ملزم سابق صدر پرویز مشرف کو ایک بار پھر ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کے جج طارق کاسی کی عدالت میں ہوئی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی پیش ہوئے، سماعت کے دوران کرائم برانچ کی تفتیشی ٹیم نے کیس میں نامزد دیگر ملزمان کی عدم دستیابی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جسے عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسترد کردی۔ عدالت نے پرویز مشرف کو پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ہرصورت پیش کرنے کا حکم دے دیا، عدالت کا کہنا تھا کہ اگر سابق صدر پرویز مشرف آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو سپرینٹنڈینٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوں۔ کیس کی مزید سماعت 22 اکتوبر کو ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.