اپیل کروں گا ، عالمی کپ سے قبل ٹیم کا حصہ ہوں گا : سعید اجمل

پاکستانی آف سپنر سعید اجمل پرعزم ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جلد واپس آ جائیں گے۔ سعید اجمل ٹیسٹ کرکٹ میں 178 ون ڈے میچوں میں 183 اور ٹی ٹوئنٹی میں 85 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

فیصل آباد (+ نیٹ نیوز) سعید اجمل نے فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے باولنگ ایکشن پر جو اعتراض سامنے آیا ہے وہ ان کے لیے مسئلہ نہیں ہے۔ وہ اس فیصلے کےخلاف اپیل کریں گے اور انھیں یقین ہے کہ وہ عالمی کپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سعید اجمل نے کہا کہ ان کا بازو نارمل سے زیادہ مڑا ہوا ہے اسی لیے باولنگ کرتے ہوئے وہ 15 ڈگری سے زیادہ معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے باولنگ ایکشن کے بارے میں آئی سی سی سے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کے چونکہ پورے ایکشن پر ہی اعتراض ہوا ہے اس لئے اس کی درستگی میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ عام حالات میں باولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں ہوتا اور پاکستان کرکٹ بورڈ 14 روز میں ریویو کے لیے آئی سی سی سے اپیل کر سکتا تھا جس پر آئی سی سی بولنگ ریویو گروپ تشکیل دیتا لیکن چونکہ معاملہ 15 ڈگری سے بہت زیادہ ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ سوچ سمجھ کر قدم اٹھائے گا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سعید اجمل انٹرنیشنل کرکٹ میں معطلی کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ –

تبصرے بند ہیں.