اپوزیشن کی سیاست کا حشر نشر ہو گیا ہے ،اے پی سی تقویت نہیں دے سکے گی ‘ ہمایوں اختر خان

فیٹف قوانین متعین وقت میں منظور نہ ہوتے تو پاکستان بلیک لسٹ ہو جاتا،غیر ملکی سرمایہ کاری ، ترسیلات بھی نہیں آ سکتی تھیں

اسلام آباد( مانیٹر نگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ملک کا مفادکتناعزیز ہے فیٹف کی قانون سازی کے موقع پر قوم نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے،فیٹف قوانین متعین وقت میں منظور نہ ہوتے تو پاکستان بلیک لسٹ ہو جاتا،جب کمیٹی میں بل کی سکروٹنی ہو چکی تھی تو اپوزیشن کو پارلیمان میں اس پر اعتراض نہیں کرناچاہیے تھا۔ اپنی دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جہاں ملک و قوم کا مفاد آئے تو اسے ذاتی مفادات پر ترجیح نہیں دی جاسکتی ہے اور ہر قیمت پر ملک و قوم کا مفاد مقدم رکھا جاتا ہے ۔ پاکستان نے فیٹف سے متعلق اقدامات مکمل کرلئے ہیں اوراب ان کی جانچ پڑتال کے بعد فیٹف پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان پہلا ملک ہے جس نے فیٹف کے مطابق قانون سازی کی ہے اگر ایسا ہے تو اپوزیشن اسے چیلنج کرے ، دنیا میں منی لانڈرنگ کے معاملات میں جس طرح کے قوانین کانفاذ ہے پاکستان بھی اس جانب پیشرفت کر رہا ہے ، پوری قوم نے دیکھا کہ کون سی جماعتیں اس میں رکاوٹ بن رہی ہیں جو’’ ٹی ٹیز ‘‘ کیلئے شہرت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف کے قوانین متعین وقت میں پاس نہ ہوتے تو پاکستان بلیک لسٹ ہو جاتا اوراسے ایک بنانا سٹیٹ قرار دے دیا جاتا، کیا ایسے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آ سکتی ہے ، اوور سیز پاکستان میں ترسیلات بھجوا سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی سیاست کے لئے اس طرز پر مزاحمت کریں گی اس کا سوچا بھی نہیں جا سکتا ،فیٹف قوانین کے حوالے سے اپوزیشن رہنما عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، جو حکومت عوام کے ووٹوں سے آئی ہے کیا وہ پاکستان کے آئین کے برخلاف کوئی قانون بنا سکتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست کا حشر نشر ہو گیا ہے اوراے پی سی انہیں تقویت نہیں دے سکے گی ۔

تبصرے بند ہیں.