آسٹریلیاکیخلاف جیت کامشن احمد،عمر اورصہیب کےسپر د

ایڈیلیڈ:آسٹریلیا کو کوارٹر فائنل میں شکست دینے کے لئے پاکستانی ٹیم نے تین نوجوان بیٹسمینوں احمد شہزاد، عمر اکمل اور صہیب مقصود کو جیت کا مشن سونپا ہے۔ احمد شہزاد متحدہ عرب امارات کیخلاف مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم عمراکمل اور صہیب مقصود کو ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی میچ وننگ اننگز کا انتظار ہے۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ تینوں بیٹسمینوں کو بدھ کو پریکٹس سیشن سے ڈیڑھ گھنٹے پہلے گرائونڈ لائی۔ ہیڈ کوچ وقار یونس، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم نے تین الگ الگ نیٹ پر ان بیٹسمینوں کو پریکٹس کرائی۔ وقار یونس نے کہا کہ عمر اکمل گذشتہ سات سال سے پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں۔ عمر اور صہیب میں بہت ٹیلنٹ ہے ، میچ وننگ اننگز نہ کھیلنے کی وجہ سے یقینی طور پر ان پر بھی دبائو ہوگا۔ انہیں قبل ازوقت گرائونڈ میں لانے کا مقصد زیادہ پریکٹس کرانا ہے۔ ان کی حوصلہ افزائی کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ امید ہے کہ آسٹریلیا کے میچ میں دونوں کارکردگی دکھائیں گے۔ وقار یونس صہیب مقصود کے نیٹ پر خود بولنگ کرارہے تھے۔ وہ بار بار انہیں بتارہے تھے کہ اسٹروک کھیلتے وقت کیا پوزیشن ہونی چاہیے۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو شاہد اسلم نے سلیب کو گیلا کرکے فاسٹ بولنگ کی پریکٹس کرائی۔ سری لنکا کی ٹیم بھی سلیب استعمال کرتی ہے۔ تینوں کھلاڑی ڈیڑھ گھنٹے میں تھکن سے چور ہوگئے جب ان کھلاڑیوں نے نیٹ مکمل کیا اس وقت پاکستان کی ٹیم گرائونڈ میں داخل ہوئی۔

تبصرے بند ہیں.