اوگرا کرپشن کیس؛ توقیر صادق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

اسلام آ باد: احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔ اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا، دوران سماعت نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے توقیر صادق نے عدالت کو بتایا کہ ملزم توقیر صادق سے 54 ارب روپے کی ریکوری کی گئی ہے، جبکہ ملزم کے خلاف چالان تیاری کے مراحل میں ہے، عدالت نے جلد چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم توقیر صادق کو مزید 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے توقیر صادق نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے گواہ اور شواہد پیش کیے جارہے ہیں، نیب جعلی کام کر رہا ہے اور نیب کے تفتیشی افسر بکے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے دور میں جتنی آمدن ہوئی ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2011 میں توقیر صادق کی بحیثیت چیرمین اوگرا تقرری کالعدم قرار دی تھی جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.