اسلام آ باد: احتساب عدالت نے اوگرا اسکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو مزید 12 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔ نیب نے 82 ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ملزم توقیر صادق کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے مزید 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، نیب پراسیکیوٹربیرسٹر سعید نے عدالت کو بتایا کہ 22 اگست کو سوئی سدرن کے 4 سینئر افسران کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں ابھی تک 3.2 ارب روپے کی ریکوری کی ہے، توقیر صادق کے شراکت دار نے بھی ایک کروڑ 34 لاکھ روپے چیک کی شکل میں واپس دیئے ہیں، جبکہ یو اے ای کے بینک اکاؤنٹ سے ریکوری کرنے کے لئے مشترکہ تحقیقات میں مدد کرنے کی درخواست کی ہے، اس موقع پر نیب نے توقیر صادق کے طبی معائنے کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی جس کے مطابق توقیر صادق کی بینائی مکمل طور پر درست ہے، جبکہ ان کے ہاتھ کا درد پرانا ہے جس کی طبی امداد کی ضرورت ہے۔ عدالت نے ملزم کا میڈیکل کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے موخر کردی، کیس کی دوبارہ سماعت پر عدالتی حکم پر توقیر صادق کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا اور میڈیکل کے بعد دوبارہ پیش کرنے پر عدالت نے ملزم توقیر صادق کو مزید 12 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے نیب کو حکم دیا کہ ملزم کو 10 ستمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2011 میں توقیر صادق کی بحیثیت چیرمین اوگرا تقرری کالعدم قرار دی تھی جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگئے تھے۔
تبصرے بند ہیں.