اولڈ از گولڈ : سنچری میکریونس خان نے پھر ثابت کر دیا

ایک ایسے وقت میں جب پاکستان کے تین اہم کھلاڑی صرف 56 کے مجموعی سکور پر آوٹ ہو چکے تھے ، پاکستان کے بیٹسمین یونس خان نے اپنے کیریئر کی 24 ویں ٹیسٹ سنچری بنا کر ثابت کیا ہے کہ تجربے کا کوئی بدل نہیں۔

لاہور (ویب ڈیسک) یونس خان سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روزاپنی 24 ویں سنچری بنا کر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمینوں میں محمد یوسف کے برابر آ گئے ہیں اور اب ان سے آگے صرف انضمام الحق 25 سنچریوں کے ساتھ ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق یونس خان کے وسیع تجربے اور مشکل حالات میں اعتماد سے کھیلنے کی خصوصیت نے گال ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی اننگز کو میزبانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا۔ جب میچ ختم ہوا تو یونس خان 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 133 رنز بناکر ناٹ آوٹ تھے۔ 56 رنز پر تین وکٹیں گرجانے کے بعد بکھری اننگز کو سمیٹنے کی ذمہ داری ایک بار پھر یونس خان اور مصباح الحق نے سنبھالی اور دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں قیمتی سو رنز کا اضافہ کیا۔ یونس خان کی اننگز میں دیکھنے والوں کے لیے سب کچھ موجود تھا۔ ان کا دماغ ہرگیند پر بیٹ کے استعمال کے ساتھ ساتھ امپائر کے فیصلوں پر بھی خوب چلتا رہا۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے ریویو کا صحیح استعمال کرتے ہوئے دو بار اپنی وکٹ بچائی۔ بیس کے انفرادی سکور پر پرساد کی گیند پر وہ وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ قرار دیے گئے لیکن انھوں نے مصباح الحق سے فوراً مشورہ کرتے ہوئے ریویو لے لیا جس نے ان کے حق میں فیصلہ دیا کہ گیند بیٹ سے نہیں لگی تھی۔ یونس خان کو ریویو کا دوسرا فائدہ 59 کے انفرادی سکور پر ملا جب پریرا کی گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے اس بار بھی تھرڈ امپائر کا فیصلہ ان کے حق میں گیا کہ گیند پیڈ پر اونچی لگی تھی۔ قسمت یونس خان پر اس وقت بھی مہربان رہی جب 68 کے انفرادی سکور پر ریورس سوئپ پر مہیلا جے وردھنے ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔ میچ کے دوسرے دن اگرچہ اسد شفیق بھی 55 رنز کے ساتھ موجود ہیں لیکن پاکستان کو میچ پر گرفت مضبوط بنانے کے لئے یونس کے بلے سے ابھی مزید رنز درکار ہیں۔

تبصرے بند ہیں.