انگلینڈ اور بھارت کے درمیان نوٹنگھم ٹیسٹ ڈرا ہو گیا –

بھارت کی آخری نمبروں کی بیٹنگ نے ایک بار پھر عمدہ بلے بازی کر کے انگلینڈ کی جیت کے امکانات کو ختم کر دیا،حالانکہ آخری دن ایک موقع پر ایسا لگا کہ انگلینڈ بھارت کو کم سکور پر آوٹ کر کے میچ جیت سکتا ہے۔

ٹرینٹ برج (ویب ڈیسک) پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بھارت نے تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور میں صرف 17 رنز کے اضافے پر اسے مزید تین وکٹیں کھونا پڑیں۔ 184 کے مجموعی سکور پر بھارت کے چھ کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے تاہم اس موقع پر سٹورٹ بنی نے بھونیشور کمار کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ بنی نے 78 قیمتی رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھ بھوونیشور کمار نے 63 رنز بنا میچ میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت قائم کی۔ جب بھارت نے دوسری اننگز نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 391 رنز بنا کر ختم کی تو میچ بھی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ انگلینڈ کے بولرز نے کھیل کے آخری لمحات میں وکٹیں لینے کی سر توڑ کوشش کی۔ یہاں تک کہ انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک نے پہلی بار باولنگ کرنے کی ٹھانی اور انہیں اس کوشش میں ایشانت شرما کی وکٹ تو ملی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ انگلینڈ اب لگاتار نو ٹیسٹ میچوں میں فتح کا ذائقہ نہیں چکھ سکا ہے۔ اس ٹیسٹ میں بھارت نے پہلی اننگز میں 457 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ نے 496 رنز بنا کر 39 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ –

تبصرے بند ہیں.