انتخابات میں 80فیصد ٹرن آؤٹ کی توقع ہے،سیکریٹری الیکشن کمیشن

اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ ووٹنگ کا ٹرن آئوٹ اسی فیصد تک ہوسکتا ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلے امید تھی کہ ٹرن آئوٹ تریسٹھ فیصد ہوگا لیکن عوام کا جوش و خروش بتا رہا ہے کہ ٹرن آؤٹ اسی فیصد تک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت نہ ملنے کے بارے میں سنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوسٹل بیلٹ پیپر کی سہولت صرف قیدیوں، سرکاری ملازمین، فوجی جوانوں اور انتخابی عملے کے لئے ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے اسلام آباد میں پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور انتخابی عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ووٹ ڈالنے کے لئے آنے والوں کی تعداد کو انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ صرف سرکاری ملازمین اور قیدی ہی پوسٹل بیلٹ کا حق رکھتے ہیں، صدر تو پوسٹل بیلٹ سے ووٹ ڈال سکتے ہیں ان کی صاحبزادیوں کو پوسٹل بیلٹ کیسے ملا،یہ معلوم کیا جائے گا۔ اسلا م آباد میں یورپی یونین کے انتخابی مبصرین نے بھی مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا، وفد کے سربراہ رچرڈ ہائٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کے انتظامات تسلی بخش اور حوصلہ افزاء ہیں، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے مقاصد کو ناکام بنا دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار خواتین اور مرد ووٹرز کی الگ الگ گنتی کی جائے گی یوں انتخابی نتائج کے ساتھ یہ تفصیلات بھی سامنے آجائیں گی کہ کس حلقے میں مردوں کے کتنے ووٹ نکلے اور خواتین کے کتنے۔

تبصرے بند ہیں.