چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں۔چیف الیکشن کمشنر اور ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان نے این اے 55 راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر سماعت کی، کامیاب امیدوار ابرار احمد کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔کامیاب امیدوار کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر این اے 55 کا حتمی نتیجہ جاری کر چکا ہے، الیکشن کمیشن درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے، مزید تحقیقات کے لیے معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھجوایا جاسکتا ہے۔درخواست گزار بشارت راجہ کے وکیل نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی این اے 55 سے بشارت راجہ جیت رہے تھے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے، دھاندلی اور نتائج میں رد و بدل کے الزامات لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں۔وکیل بشارت راجہ نے کہا کہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45 کھول کر دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 55 راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تبصرے بند ہیں.