امریکی نیول ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والا سیاہ فام نیوی کا سابقہ ملازم نکلا

واشنگٹن: امریکی نیول ہیڈ کوارٹر میں فائرنگ کرکے 12 افراد کو قتل کرنے والا سیاہ فام حملہ آور نیوی کا سابق ملازم تھا۔ واشنگٹن میں بحریہ کے ایک اڈے پر 12 افراد کو قتل کرنے والا ملزم ایرن الیکسز بحریہ کا سابق ملازم تھا، 34 سالہ ایرن 2007 سے 2011 تک نیوی میں ملازمت کرتا رہا، ملزم کا تعلق امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے فورٹ ورتھ سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایرن نے نیوی کی عمارت میں گھسنے کے لئے بحریہ کا سیکرٹ سیکیورٹی کلیرنس کارڈ استعمال کیا۔ اس کارڈ کی وجہ سے اسے حساس عمارت میں داخل ہونے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔ صدر باراک اوباما نے نیول ہیڈ کوارٹر پر حملے کے واقعے پر جمعے تک امریکی پرچم سرنگوں رکھنےکاحکم دیا ہے۔ نیول ہیڈ کوارٹر پر حملہ ایسے وقت میں ہوا جب سانحہ نائن الیون کو بارہ سال مکمل ہونے پر القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری نے امریکا پر حملوں کا حکم دیا تھا، اس حملے کے بعد امریکی میڈیا نےمزید دہشت گردحملوں کاخدشہ بھی ظاہرکیاہے۔ جس کے بعد اہم عمارتوں، حساس تنصیبات اورہوائی اڈوں سمیت ملک بھرمیں سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس پر کریکر دھماکے کرنے والے شخص کو امریکی خفیہ اداروں نے گرفتار کرلیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گرفتار کئے گئے شخص کا نام الیگزینڈر ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 2 حملہ آوروں نے امریکی بحریہ کے ہیڈکوارٹر میں گھس کر کیفے ٹیریا میں بیٹھے افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 12 افراد مارے گئے تھے تاہم پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.