ملالہ یوسف زئی کے لئے ایمبیسڈر آف کانشیئس ایوارڈ کا اعلان

لندن: ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ملالہ یوسف زئی کو اعلی ترین “ایمبیسڈر آف کانشیئس 2013 ” ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملالہ یوسف زئی، امریکی گلوکار اور انسانی حقوق کے کارکن ہیری بیلافونٹے کو مشترکہ طور پر “ایمبیسڈر آف کانشیئس 2013″ ضمیر کے سفیر کے ایوارڈ سے نوازا جائے گا، ایوارڈ دینےکی تقریب ڈبلن میں منعقد کی جارہی ہے، ضمیر کا سفیر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اعلی ترین ایوارڈ ہے جو انسانی حقوق کی بالادستی کے لئے کی گئی خدمات پر دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جنرل سیکریٹری سلیل سیٹھی نے کہا کہ انسانی حقوق اور انصاف کے لئے آواز بلند کرنے اور دوسروں کے لئے انسانی خدمت کا عملی نمونہ پیش کرنے کی وجہ سے ملالہ یوسفزئی اور ہیری بیلا فونٹے صحیح معنوں میں ضمیر کے سفیر ہیں، جبکہ ملالہ کا کہنا تھا کہ اس ایوارڈ سے ان کی بے حد حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ واضح رہے ملالہ کو خواتین کے حقوق اور تعلیم کے حصول کے لئے آواز بلند کرنے پر رواں سال نوبل پرائز کے لئے بھی نامزد کیا جاچکا ہے، ملالہ کو بچوں کے عالمی امن ایوارڈ 2013 سے بھی نوازا گیا ہے، جبکہ تعلیم کے فروغ کے لئے ملالہ فنڈ بھی قائم ہوچکا ہے جس میں سب سے پہلے رقم اقوام متحدہ کی خیرسگالی کی سفیر انجلینا جولی نے جمع کرائی تھی، ملالہ یوسف زئی کے نام پر فنڈ کے قیام کا مقصد دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کے لئے اقدامات کرنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.